اینٹی کرپشن کارروائیوں کے باعث پٹوار خانوں کے امور متاثر

اینٹی کرپشن کارروائیوں کے باعث پٹوار خانوں کے امور متاثر

اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )اینٹی کرپشن کی جانب سے پنجاب بھر میں مبینہ کرپشن کے خلاف جاری کارروائیوں کے اثرات تحصیل اٹھارہ ہزاری کے ریونیو امور پر بھی پڑنے لگے ہیں۔

متعدد پٹوار خانوں میں معمول کی دفتری سرگرمیاں متاثر ہونے کے باعث دور دراز علاقوں سے آنے والے سائلین کو اپنے جائز کاموں کی تکمیل میں مشکلات کا سامنا ہے ۔محکمہ مال سے متعلق روزمرہ امور، جن میں فرد کا حصول، انتقالات، رجسٹر اور ریونیو ریکارڈ کی تصدیق، اراضی سے متعلق دستاویزات اور دیگر ضروری معاملات شامل ہیں، کے لیے شہری پٹوار خانوں کا رخ کرتے ہیں۔ تاہم موجودہ صورتحال کے باعث بعض سائلین کو متعلقہ عملے کی عدم دستیابی یا دفتری امور میں تعطل کے باعث بار بار دفاتر کے چکر لگانا پڑ رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے اور سرکاری اداروں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے قانونی کارروائیاں اپنی جگہ اہم ہیں، تاہم اس دوران عام شہریوں کے جائز اور ضروری ریونیو معاملات کو متاثر ہونے سے بچانا بھی متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے ۔

 سائلین کے مطابق بعض افراد دور دراز علاقوں سے کرایہ خرچ کرکے پٹوار خانوں پہنچتے ہیں، لیکن کام نہ ہونے کے باعث انہیں خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑتا ہے ۔عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ اگر کسی پٹوار خانے میں انتظامی یا قانونی کارروائی کے باعث معمول کے امور متاثر ہوئے ہیں تو متعلقہ حکام کو متبادل انتظام، عارضی ڈیوٹی یا کسی متبادل ریونیو مرکز کے ذریعے سائلین کے معاملات نمٹانے کا فوری بندوبست کرنا چاہیے ، تاکہ کرپشن کے خلاف کارروائی کے ساتھ عوامی سہولیات کا سلسلہ بھی جاری رہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جھنگ، اسسٹنٹ کمشنر اٹھارہ ہزاری اور محکمہ مال کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل بھر کے پٹوار خانوں کی موجودہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے ، عوامی نوعیت کے زیرالتوا معاملات کا جائزہ لے کر انہیں نمٹانے کے لیے مؤثر لائحہ عمل مرتب کیا جائے اور سائلین کو بلاوجہ دفاتر کے چکروں سے نجات دلائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...