تیز روشنی والی ہیڈ لائٹس شہریوں کیلئے خطرہ بن گئیں
رات میں ان لائٹس کی تیز روشنی کے باعث حادثات میں اضافہ ، بعض گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس اس قدر تیز ہوتی ہیں سامنے سے آ نیوالوں کو ڈرائیونگ کرنا مشکل ہو جاتا
فیصل آباد (عبدالباسط سے )سٹی ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر وہیکلز میں استعمال ہونے والی تیز سفید روشنی کی حامل ہیڈ لائٹس شہریوں کیلئے خطرہ بن گئیں۔ رات کے اوقات میں ان لائٹس کی تیز روشنی کے باعث ٹریفک حادثات پیش آنے کے واقعات میں اضافے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ فیصل آباد کی مرکزی شاہراہوں، ہائی ویز اور دیگر اہم مقامات پر چلنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں نصب تیز روشنی والی سفید ہیڈ لائٹس نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کر رہی ہیں بلکہ حادثات کا سبب بھی بن رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سامنے سے آنے والی گاڑیوں کی تیز روشنی کے باعث سڑک اور دوسری جانب سے آنے والی ٹریفک واضح دکھائی نہیں دیتی، جس سے چند لمحوں کیلئے بینائی متاثر ہونے جیسی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے اور حادثے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔شہریوں کے مطابق رات کے وقت شہر کی حدود میں بھی بعض گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس اس قدر تیز ہوتی ہیں کہ ڈرائیونگ کرنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں سفید روشنی والی ہیڈ لائٹس کے استعمال پر پابندی سے متعلق احکامات جاری کیے گئے تھے ، تاہم ان پر مؤثر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔شہریوں نے الزام عائد کیا کہ ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے تیز روشنی والی ہیڈ لائٹس کے استعمال کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات نہیں کر رہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ محض چالان مہم پر توجہ دینے کے بجائے رات کے وقت خطرناک روشنیوں کے استعمال کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ۔شہریوں نے ٹریفک پولیس حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ تیز روشنی والی ہیڈ لائٹس کے غیرقانونی استعمال کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی لانے اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے میں مدد مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments