سرکاری ہسپتالوں میں ادویات مریضوں کے بیڈ تک پہنچانے کا حکم
مریضوں اور لواحقین کو ادویات کے حصول کے لیے پریشان نہیں ہونا چاہیے :کمشنر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے چاروں اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کے وارڈز، بالخصوص ایمرجنسی وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کو ادویات ان کے بیڈ تک فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو سہولیات فراہم کرنا ہسپتال انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔کمشنر نے ہدایت کی کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس وارڈز میں عملے کی ڈیوٹیاں لگائیں تاکہ ڈاکٹر کی جانب سے آن لائن تجویز کردہ ادویات میڈیسن اسٹور سے حاصل کرکے متعلقہ مریض یا اس کے لواحقین کو بیڈ پر ہی فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کو ہسپتال لانے والے لواحقین پہلے ہی اپنے عزیزوں کی بیماری کے باعث پریشان ہوتے ہیں، لہٰذا انہیں ادویات کے حصول کے لیے مزید مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑنا چاہیے ۔ کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں کو شکایات سے پاک بنانا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments