ہائیکورٹ :حکم امتناع کے دوران ہاریوں سے اراضی نہ لینے کا حکم
ہاریوں سے سرکاری زمین واپس لینے کے خلاف درخواست پر حکم امتناع میں توسیع
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے میرپورخاص اور اطراف میں ہاریوں سے سرکاری زمین واپس لینے کے خلاف درخواست پر حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ عدالتی حکم امتناع کے دوران درخواست گزاروں سے زمین واپس نہ لی جائے ۔ محکمہ فشریز اینڈ لائیو اسٹاک نے عدالت میں جواب جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سرکاری زمین درخواست گزاروں کو الاٹ کی گئی تھی اور اس کی پیداوار کا 50 فیصد حصہ بھی سرکاری خزانے میں جمع کرایا جا رہا ہے ، تاہم اب سندھ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت خود منصوبہ شروع کر رہی ہے ، جس کے لیے زمین خالی کرائی جا رہی ہے۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 200 ایکڑ سے زائد سرکاری زمین 1990 سے ان کے زیر استعمال ہے اور اس پر کیٹل فارمز قائم ہیں۔ وکیل کے مطابق قانون کے تحت چار ایکڑ سرکاری زمین پر قانونی طور پر کام کرنے والے افراد کو بے دخل نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے سرکاری وکیل کی تیاری کے لیے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 9 نومبر تک ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments