عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں، وزیر زراعت
سندھ حکومت عوامی فلاح وبہبودکو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی اسکیموں پر کام کر رہی کام جلد مکمل ہوں گے ،سردار بخش مہر ،میرپور ماتھیلو میں ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح
میرپورماتھیلو (نمائندہ دنیا) وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے ۔ ماتھیلو، مومل کی ماڑی سے جروار روڈ، پی پی ایچ آئی کے تحت گورنمنٹ ڈسپنسری خانگڑھ کیمپس اور گورنمنٹ ڈسپنسری حیات پتافی کیمپس سمیت مختلف ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہا کہ خانگڑھ اور حیات پتافی میں ڈسپنسریوں سے مقامی آبادی کو طبی سہولیات ملیں گی، زیر التوا سڑکیں جلد مکمل اور غیر فعال آر او پلانٹس بحال کیے جائیں گے ، سندھ حکومت عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی اسکیموں پر کام کر رہی ہے ، جن کا مقصد شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا پی پی ایچ آئی کے تحت قائم ڈسپنسریوں سے مقامی آبادی کو اپنے علاقوں میں علاج معالجے کی سہولیات میسر آئیں گی۔ ان مراکز میں حاملہ خواتین کے لیے الٹراساؤنڈ اور زچگی کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، جس سے انہیں علاج کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر کرنے کی مشکلات سے نجات ملے گی۔انہوں نے کہا ترقیاتی اسکیمیں عوام کی مشترکہ امانت ہیں، اس لیے ان کی حفاظت اور دیکھ بھال میں شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ یہ منصوبے طویل عرصے تک عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی، وائس چیئرمین ضلع کونسل گھوٹکی میر بابر علی خان لونڈ، اسسٹنٹ کمشنر خانگڑھ ماجد حمید ودیگر بھی موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments