تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی، انتظامات بروقت مکمل کرنیکی ہدایت
ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر کی زیر صدارت اجلاس، سکیورٹی اور صفائی یقینی بنانے کا حکم
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی زیر صدارت گیارہویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی 2026ء کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف انتظامی امور اور ضروری اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اے ڈی سی میونسپل سروسز یوسف چھینہ نے ڈپٹی کمشنر کو جیپ ریلی کی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے انتظامات بروقت مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریلی کے دوران صفائی ستھرائی، میونسپل سروسز، سکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ انتظامی امور میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام افسران باہمی رابطے اور مؤثر نگرانی کے ذریعے دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی ضلع مظفرگڑھ میں سیاحت کے فروغ، مقامی ثقافت کے تعارف اور علاقے کی مثبت شناخت اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ ایسے بڑے ایونٹس سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے کے ساتھ مقامی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور علاقے کے قدرتی حسن کو نمایاں کرنے کا بھی مؤثر ذریعہ ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments