بجلی کے لٹکتے تار شہریوں کیلئے خطرہ بن گئے، شارٹ سرکٹ واقعات کے باوجود فیسکو خاموش

بجلی کے لٹکتے تار شہریوں کیلئے خطرہ بن گئے، شارٹ سرکٹ واقعات کے باوجود فیسکو خاموش

گھنٹہ گھر، ریکس سٹی اور دیگر کاروباری و رہائشی علاقوں میں بے ہنگم تاروں کے جال، شہریوں کا حکام سے حفاظتی انتظامات بہتر بنانے اور فیسکو حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) شہر اور گردونواح میں شارٹ سرکٹ کے واقعات کے باوجود بجلی کے تاروں کو محفوظ انداز میں نصب کرنے اور بے ہنگم تاروں کے جال کو درست کرنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ ہونے پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ صنعتی شہر میں کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں نیچی سطح پر لٹکتے بجلی کے تار انسانی جانوں کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں شارٹ سرکٹ کے باعث متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں، لیکن اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے اقدامات ناکافی ہیں۔ فیصل آباد کے متعدد صنعتی، تجارتی اور رہائشی علاقوں میں بجلی کے کھمبوں سے میٹروں تک جانے والے تار بے ترتیب انداز میں لٹکتے دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق بارہا نشاندہی کے باوجود ان تاروں کو مناسب انداز میں نصب کرنے اور محفوظ بنانے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی۔

شہر کے مرکزی کاروباری مراکز، رہائشی آبادیوں اور مارکیٹوں میں دکانوں کے آہنی شیڈز، پلازوں کی کھڑکیوں اور عمارتوں کے قریب سے بجلی کے تار گزر رہے ہیں۔ جس سے راہ گیروں، دکانداروں اور دیگر شہریوں کے لیے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔جبکہ شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کے واقعات بھی رونما ہوتے رہتے ہیں۔ ان کے مطابق مختلف مارکیٹوں میں متعدد بجلی کے میٹر ایک ہی جگہ کھمبوں کے ساتھ نصب کیے گئے ہیں اور ان سے منسلک تاروں کی بے ترتیبی کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتی ہے ۔شہریوں کے مطابق انہوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے متعدد بار درخواستیں دیں اور فون کالز کے ذریعے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا، لیکن ان کے بقول شکایات پر خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی۔ شہریوں نے کمشنر فیصل آباد اور دیگر متعلقہ حکام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...