ڈی سی کا پسرور کا دورہ، ہسپتال‘سکولوں اور سہولت بازار کا معائنہ
طبی سہولیات، تعلیمی و انتظامی امور، صفائی ستھرائی اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے پسرور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، زیر تعمیر سہولت بازار، گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 پسرور اور گورنمنٹ فقیر الدین گرلز ہائی سکول لنگے کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، تعلیمی و انتظامی امور، صفائی ستھرائی اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت بھی موجود تھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پسرور میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈرگ اسٹور میں ادویات کے ذخیرے اور دستیابی کا معائنہ کیا، جبکہ مریضوں سے براہ راست گفتگو کرکے علاج معالجے اور طبی سہولیات کے بارے میں ان کی رائے بھی معلوم کی۔
انہوں نے ڈائیلسز سینٹر کا دورہ کرکے صفائی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے زیر تعمیر سہولت بازار کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو منصوبہ جلد مکمل کرکے فعال بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سہولت بازار کے فعال ہونے سے شہریوں کو خریداری کی بہتر سہولت ملے گی اور روزمرہ استعمال کی اشیا سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 پسرور میں انتظامی و تدریسی امور، تعلیمی ماحول اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلبہ سے گفتگو کی اور ان کی تعلیمی سرگرمیوں اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے تعلیمی معیار بہتر بنانے اور سکول میں صفائی کے انتظامات مزید مؤثر کرنے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments