ڈی سی کا کامونکی کا دورہ، تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کی ہدایت
تحصیل ہسپتال میں طبی سہولیات کاجائزہ ،جی ٹی روڈ کے اطراف گندگی پر برہم
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کامونکی کا دورہ کیا اور تجاوزات کے خاتمے ، صفائی ستھرائی، شہری خوبصورتی کے منصوبوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ جی ٹی روڈ کے اطراف گندگی اور ملبے کے ڈھیروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے فوری صفائی کی ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے کامونکی کے مختلف بازاروں اور رہائشی علاقوں میں تجاوزات اور صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ بازاروں سے تجاوزات ختم کرکے راستوں کو کشادہ رکھا جائے اور صفائی کے انتظامات مؤثر بنائے جائیں۔
انہوں نے جی ٹی روڈ سے ملحقہ علاقوں میں گندگی اور تعمیراتی ملبے کے ڈھیروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی عبدالرزاق ڈوگر اور اسسٹنٹ کمشنر کامونکی ڈاکٹر زرغونہ خالد کو ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب کی ٹیموں کے ذریعے جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف اور گرین بیلٹس کی فوری صفائی یقینی بنائی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مین جی ٹی روڈ پر چیانوالی کے بالمقابل تحصیل صدر کے داخلی مقام پر زیر تعمیر بیوٹیفکیشن منصوبے اور یادگار کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے ۔ اس کے بعد انہوں نے کامونکی مین بازار کے قریب زیر تعمیر ماڈل فوڈ سٹریٹ کا دورہ کرکے کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کامونکی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حاضری چیک کی اور شعبہ حادثات، پرچی کاؤنٹر، فارمیسی سمیت مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments