گراں فروشی و تجاوزات پر جرمانہ ، پھر مقدمہ درج ہوگا : ڈپٹی کمشنر
پیرا فورس کے اہلکار مارکیٹوں،بازاروں میں متحرک نظر آئیں :سیدحسین بہادر
حافظ آباد (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر سید حسین بہادر نے پیرا فورس کے فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ بار بار گراں فروشی کرنے یا تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں، تاجروں اور ریڑھی بانوں کو دو مرتبہ وارننگ دینے کے بعد جرمانہ کیا جائے اور خلاف ورزی جاری رہنے پر ان کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں۔ تجاوزات قائم کرنے اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے مقررہ نرخوں سے تجاوز کرکے اشیائے خورونوش مہنگے داموں فروخت کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پیرا فورس کے انفورسمنٹ افسران اور دیگر اہلکار دوران ڈیوٹی مارکیٹوں اور بازاروں میں متحرک نظر آنے چاہئیں۔
دکاندار اور تاجر مارکیٹ کمیٹی کی جاری کردہ نرخ نامے کے مطابق اشیائے خورونوش فروخت کریں اور اپنی دکانوں کی حدود میں رہ کر کاروبار کریں۔ عارضی یا مستقل تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ان خیالات کا اظہار پیرا فورس کے ضلعی دفتر کے دورے اور فیلڈ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر محمد ارشد خان، اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون جعفری، اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں رب دینو، انفورسمنٹ افسران اور دیگر متعلقہ اہلکار بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سبزیوں، پھلوں، کریانہ اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے ساتھ آٹے کی دستیابی اور سرکاری نرخوں پر فروخت کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments