جنوبی پنجاب میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی شروع
ملتان اور مظفر گڑھ سے منصوبے کا آغاز،وفاقی و صوبائی ادارے اور نجی شعبہ مل کر 117 ماحولیاتی اقدامات پر عمل درآمد کریں گے ،اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم کو بریفنگ
ملتان (وقائع نگار خصوصی)وزارتِ موسمیاتی تبدیلی اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ضلعی سطح پر منصوبہ بندی شروع کر دی ہے ۔ اس سلسلے میں سرکاری ادارے ، نجی شعبہ اور دیگر متعلقہ فریق مشترکہ طور پر اقدامات کریں گے ۔اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کی پاکستان میں ٹیم لیڈر حمیرا جہازیب، ایڈیشنل سیکرٹری ظہور حسین بھٹہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ابتدائی مرحلے کے دوران ملتان اور مظفر گڑھ کے لیے ضلعی موسمیاتی موافقت کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا ئکو وزارتِ موسمیاتی تبدیلی اور اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے اشتراک سے جاری منصوبوں اور گرین کلائمیٹ فنڈ کے مالی تعاون سے ہونے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر مشترکہ حکمتِ عملی تیار کی گئی ہے ۔ منصوبے کے تحت موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق حالات سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت بڑھائی جائے گی، جبکہ قومی سطح پر ماحولیاتی خطرات کا مقابلہ کرنے کی استعداد بہتر بنانے کے لیے 117 اقدامات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔فواد ہاشم ربانی نے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی کامیابی آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ منصوبے پر نچلی سطح تک مؤثر عمل درآمد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments