ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کا لائبریری پارک اور جھمرہ چوک کا دورہ
تزئین و آرائش اور بحالی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت،رپورٹ پیش کرنیکا حکم
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے لائبریری پارک گڑھا چوک اور جھنگ روڈ پر واقع جھمرہ چوک کا دورہ کیا اور ان مقامات کی خوبصورتی، بحالی، صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے جاری اور مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر و ایم ڈی ستھرا پنجاب واثق عباس ہرل، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، منیجر ستھرا پنجاب اور دیگر متعلقہ افسر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے لائبریری پارک گڑھا چوک کا تفصیلی معائنہ کیا اور پارک کی مجموعی حالت، تزئین و آرائش اور بہتری کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پارک سے ملحقہ پبلک لائبریری کی عمارت کا بھی جائزہ لیا اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو عمارت کی موجودہ حالت، ضروری مرمت اور دیگر متعلقہ امور کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے پارک کے ساتھ واقع فوڈ اسٹریٹ کو مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہاں موجود فوڈ پوائنٹس کی دکانوں کو یکساں ڈیزائن کے مطابق بنایا جائے ،
تاکہ علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہو اور شہریوں کو بہتر ماحول اور سہولیات میسر آ سکیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے جھنگ روڈ پر واقع جھمرہ چوک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چوک کی تزئین و آرائش، مونومنٹ کی بہتری، صفائی ستھرائی اور دیگر شہری سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ چوک کی بحالی، خوبصورتی اور صفائی کے حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں اور تمام امور مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کہا کہ جھمرہ چوک شہر کے اہم اور نمایاں مقامات میں شامل ہے ، جس کی بحالی اور خوبصورتی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے ۔ شہر کے اہم مقامات کو صاف ستھرا، خوبصورت اور شہریوں کے لیے پُرکشش بنانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments