ریونیو دفاتر میں مبینہ بدعنوانی، سائلین کومشکلات کاسامنا
شہریوں سے بھاری نذرانے طلب ،بدعنوانی روکنے کیلئے موثراقدامات کامطالبہ
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) ضلعی انتظامیہ کے شعبہ ریونیو کے حکام کی جانب سے ماتحت عملے کی مناسب نگرانی نہ کیے جانے کے باعث ریونیو دفاتر میں آنے والے سائلین مشکلات کا شکار ہونے لگے ۔ رجسٹری، فرد کے حصول، اراضی انتقال اور دیگر معمولی نوعیت کے کاموں کے لیے آنے والے شہریوں سے مبینہ طور پر بھاری نذرانے طلب کیے جانے لگے ، جبکہ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ایک دن میں ہونے والا کام کئی کئی ہفتوں تک التوا میں رکھا جانے لگا۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام محکمہ ریونیو اور اراضی ریکارڈ سینٹر مسائل کا گڑھ بن گئے ہیں۔ درخواستوں پر مختلف نوعیت کے مبینہ بلاجواز اعتراضات لگا کر سائلین کو مایوس واپس بھیج دیا جاتا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریونیو دفاتر میں تعینات کلریکل اسٹاف اور دیگر ملازمین مبینہ طور پر شہریوں کو جلد کام کروانے کی یقین دہانی کرا کے ان سے نذرانے طلب کرتے ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ریونیو دفاتر میں مبینہ بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments