سول ہسپتال میں واش رومز کی عدم دستیابی پر تشویش
مریضوں اور ان کے لواحقین کیلئے ایک بھی واش روم نہ ہونا افسوسناک:عبدالحفیظ
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) معروف سماجی شخصیت و ناظم مرکزی جمعیت اہلحدیث ملک عبدالحفیظ نے کہا ہے کہ سول ہسپتال کے شعبہ او پی ڈی میں روزانہ تقریباً 1500 مریض آتے ہیں، جبکہ ان کے ساتھ آنے والے لواحقین کی تعداد بھی ہزاروں تک پہنچ جاتی ہے ۔ اس کے باوجود مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے ایک بھی واش روم کی سہولت موجود نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے ۔انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ ہزاروں افراد کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس اہم مسئلے کی طرف توجہ دیں اور اس کار خیر میں حصہ لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سول ہسپتال کی 18 بیڈز پر مشتمل نئی ایمرجنسی بلڈنگ کے نقشے میں بھی ایک واش روم کی سہولت شامل نہ ہونے کی مبینہ اطلاع باعث تشویش ہے ۔ ایک اہم انسانی ضرورت کو ہسپتال کی نئی عمارت میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ملک عبدالحفیظ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور سول ہسپتال کی نئی ایمرجنسی بلڈنگ میں مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے واش رومز کی تعمیر یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments