اٹھارہ ہزاری میں سموگ کا راج، شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا
شہریوں کو سانس لینے میں دشواری ،غیر ضروری سفر سے گریز کریں : ڈاکٹر ذکاء مہدی
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا)اٹھارہ ہزاری اور گردونواح میں سموگ کی شدت میں اضافے کے باعث شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ۔ سارا دن مطلع ابرآلود رہنے اور سڑکوں پر دھند چھائے رہنے سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ نزلہ، زکام، کھانسی، گلے کی خرابی، آنکھوں میں جلن، جسم میں درد، بے چینی اور کمزوری جیسی شکایات میں اضافہ ہونے لگا ہے ، جبکہ بچے اور بزرگ زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔گزشتہ روز سارا دن فضاء میں سموگ چھائی رہی اور سڑکوں پر دھند کا راج رہا۔ سموگ کے باعث ہسپتالوں میں متاثرہ مریضوں کی آمد میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ شہریوں کو سانس اور دیگر طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ڈاکٹر ذکاء مہدی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔ باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال کریں، بار بار چہرہ دھوئیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ بچے اور بزرگ سموگ کے اثرات سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے ان کا خصوصی خیال رکھا جائے ۔ ضلعی و تحصیل انتظامیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں سڑکوں پر نہ لائیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی اور خصوصی آپریشن کیا جائے تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments