میونسپل کمیٹی دھاندرہ میں صفائی کا نظام درہم برہم ہو گیا
ستھرا پنجاب پروگرام کے باوجود کوڑے کے ڈھیر، شہری سراپا احتجاج
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا) میونسپل کمیٹی دھاندرہ میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کا نظام بدترین صورتحال اختیار کر گیا، صفائی کے ناقص انتظامات اور عملے کی مبینہ غفلت کے باعث شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔یونین کونسل 169، چک نمبر 66 ج۔ب دھاندرہ میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات نے علاقہ مکینوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق عملہ صفائی کئی کئی روز تک گھروں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے نہیں آتا، جس کے باعث گھروں کے باہر کوڑے کے ڈھیر جمع رہنا معمول بن چکا ہے ۔ کوڑے سے اٹھنے والی بدبو نے رہائشیوں کا جینا محال کر رکھا ہے جبکہ تعفن کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ رہا ہے ۔ دوسری جانب سیوریج نالیوں کی صفائی کی صورتحال بھی ابتر ہے اور نالیاں بند ہونے کے باعث گندا پانی گلی محلوں اور گھروں کے سامنے جمع رہتا ہے ، جس سے شہریوں کو آمدورفت سمیت روزمرہ امور کی انجام دہی میں شدید دشواری کا سامنا ہے ۔ یونین کونسل 169 میں تعینات عملے کی مبینہ غفلت اور ناقص کارکردگی پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے ، عملہ صفائی کی کارکردگی بہتر بنائی جائے اور کوڑا کرکٹ اٹھانے سمیت سیوریج نالیوں کی باقاعدہ صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments