حافظ آباد :ایم سی کی غفلت،فیملی پارک کھنڈر بن گیا
حافظ آباد(نمائندہ دُنیا )حافظ آباد میں ساگر روڈپرو اقع شہر کا سب سے بڑافیملی پارک میونسپل کمیٹی کی غفلت اور عدم توجہ کے باعث ویران ہونے کے بعد کھنڈرات میں تبدیل ہونا شروع ہوگیا۔
مذکورہ پارک میں کوئی ملازم اور چوکیدار نہ ہونے سے نہ صرف بجلی کی لائٹس اور زیر زمین بچھائی گئی کاپر کی تاریں چرائی جاچکی ہیں بلکہ وہاں پرموجود عمارات اور چاردیواری ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے بعد کھنڈرات میں تبدیل ہورہی ہے جبکہ لوگ یہاں سے اینٹیں اٹھااٹھا کر اپنے گھروں کو لیجارہے ہیں۔ دوسری جانب مذکورہ پارک میں رات کے وقت گھپ اندھیرارہنے سے یہاں پرنشئیوں نے ڈیرے جمانے شروع کردیئے ہیں جبکہ دن کے وقت یہاں پرمویشی اور جانورچرتے نظرآتے ہیں اسکے ساتھ ساتھ یہاں پر گندگی وغلاظت کے ہمہ وقت لگے ڈھیروں نے پارک کو ویران کرکے رکھ دیا ہے لیکن دن رات اپنی نام نہاد کارکردگی کے ڈنکے پیٹ کر سرکاری وسائل کابے دریخ ضیائع کرنے والے ایڈمنسٹریٹر حمداﷲپارک کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے جس پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اس پارک کی جانب فوری توجہ دیکر اسکی افادیت کو بحال کیا جائے ۔