توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیشل کورٹ سینٹرل ون اسلام آباد نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کر دی۔
سپیشل عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کے علاوہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔
جج شاہ رخ ارجمند نے فرد جرم پڑھ کر سنائی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
بعدازاں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
واضح رہے کہ کیس کی ابتدائی تحقیقات نیب نے کی تھی، نیب ترامیم کی روشنی میں یہ کیس ایف آئی اے کو منتقل کر دیا تھا، ستمبر 2024 میں ایف آئی اے نے ضروری تحقیقاتی کارروائی کے بعد چالان عدالت میں جمع کرایا تھا۔
کیس کی گزشتہ سماعت 5 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوئی، سماعت کے دوران بشریٰ بی بی عدالت میں حاضر نہیں ہوئی تھیں جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے تھے۔
عدالت نے ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آج توشہ خانہ کیس ٹو میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ نے نمٹا دی تھی۔