نفرت انگیزی کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل ہوگا:آر پی او

 نفرت انگیزی کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل ہوگا:آر پی او

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے ضلع نارووال کا دورہ کیا ، دورے کے آغاز پر آر پی او نے پولیس لائنز نارووال میں یادگارِ شہدا پر حاضری دی جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

 آر پی او نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ بعدازاں آر پی او گوجرانوالہ کی جانب سے شہدا کے لواحقین میں تحائف تقسیم کئے گئے ۔ آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے کہا کہ پولیس شہدا ہمارا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے اہل خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ آر پی او نے ضلع نارووال کے علما و مشائخ کے ساتھ میٹنگ بھی کی جس میں امن و امان، بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی اتحاد کے فروغ پر مشاورت کی گئی۔ علما کرام نے ریجن میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے پولیس سے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔ آر پی او نے واضح کیا کہ افواہوں اور نفرت انگیزی کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا ۔ پو لیس افسروں کیساتھ میٹنگ میں سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے کہا کہ قانون کی بالادستی، فرینڈلی پولیسنگ، میرٹ پر تفتیش اور کرپشن کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ہے ۔ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ نے نارووال تاجر برادری سے بھی ملاقات کی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں