ڈپٹی کمشنر کاشہر کے مختلف علاقوں کا دورہ ،سہولیات کاجائزہ
شہریوں کو بہتر سہولیات، صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح : نوید احمد
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر گوجرانوا لہ نوید احمد نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال (DHQ)میں مریضوں کو طبی سہولیات، ڈاکٹرز وعملہ کی حاضری کا جائزہ لیا۔ مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی ،ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو بروقت بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے کشمیر روڈ ڈسپوزل چوک پر قائم کمیونٹی پارک کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز اسما بتول نے پارک میں سہولیات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے پیپلز کالونی کشمیر روڈ چوک میں خوبصورت گوجرانوالہ مہم کے تحت نصب کیے گئے اسمائے مبارکہ کے نئے مونومنٹ کا بھی معائنہ کیا۔ فیروزوالہ پل سیالکوٹ بائپاس روڈ اور کچا ایمن آباد روڈ پر تجاوزات، صفائی س اور سڑکوں کی خوبصورتی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریڑھی بانوں کو ہدایت کی کہ وہ کاروباری سرگرمیاں سڑک سے ہٹ کر جاری رکھیں اور صفائی عملے سے تعاون کریں۔ شہریوں کو کچرا ڈسٹ بن میں پھینکنے کی تلقین کی ۔انہوں نے جنڈیالہ باغ والا کے گلی محلوں میں صفائی ، نکاسی آب اور قبرستان میں صفائی و پودوں کی کانٹ چھانٹ،سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ میں سیوریج لائنز تبدیلی، پارک کی اپ گریڈیشن اور دیگر تعمیراتی کاموں کا بھی معائنہ کیا اورہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کو جلدمکمل کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا بازاروں اور مارکیٹوں کو کشادہ بنانے کیلئے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ جلد تکمیل کے بعد گوجرانوالہ کی ماڈل مارکیٹ کے طور پر ابھرے گی ۔