ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سیالکوٹ کا افتتاح کردیا گیا
علاقہ کی انکوائریز ،کیسزکو مرحلہ وار سیالکوٹ منتقل کیا جائیگا ،ڈائریکٹر ایف آئی اے
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )وزارت داخلہ کے احکامات پرایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سیالکوٹ کا افتتاح کردیا ۔ مہمان خصوصی منیر مسعود مارتھ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نارتھ نے افتتاح کیا۔ تقریب میں سیالکوٹ اور نارووال سے سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ڈائریکٹر ایف ائی اے گوجرانوالہ زون محمد بن اشرف نے سیالکوٹ سرکل کا تعارف کروایا اور لوگوں کومبارکباد دی۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے بتایا کہ گوجرانوالہ سرکل میں سیالکوٹ اور نارووال کی جتنی انکوائریز اور کیسز ہیں انہیں مرحلہ وار سیالکوٹ سرکل منتقل کیا جائے گا جبکہ آئندہ سیالکوٹ اور نارووال ضلع کی درخواستیں یہاں موصول کی جائینگی ۔ تقریب میں ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد ، چیمبر آف کامرس سیالکوٹ سے سینئر وائس پریزیڈنٹ ایم مراد ، عرفان اﷲ وڑائچ پریزیڈنٹ ضلع بار کونسل وچیئر مین سیالکوٹ ٹریڈ سنٹر شفیق وریاہ ،ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن سیالکوٹ ائیر پورٹ ریاض خان ، ڈپٹی ڈائریکٹرایف آئی اے گوجرانوالہ رانا شواز خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرات اجمل صادق سندھو اور پبلک ریلیشن آفیسرایف آئی اے خلیق الزمان نے بھی شرکت کی۔