قائد اعظم ؒکے پاکستان میں اقلیتیں مکمل آزاد، خرم دستگیر
دستگیر ٹاؤن میں کرسمس تقریب سے خطاب‘تحائف تقسیم ،کیک کاٹاگیا
گوجرانوالہ( نیوز رپورٹر )مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی ایمانداری اور سچائی کے مخالفین بھی معترف تھے ۔انہوں نے اپنی جہدوجہد سے مسلمانوں کو الگ ملک لیکر دیا۔قائد اعظم ؒکے پاکستان میں اقلیتوں کو بھی مکمل آزادی حاصل اور مذہبی ہم آہنگی ہے ، تمام اقلیتیں اپنے مذہبی تہوار آزادی سے مناتی ہیں۔حصول آزادی کیلئے مسیحی قوم کی خدمات اور قربانیاں بھی لازوال ہیں۔ملک و قوم کیلئے پارٹی قائد نواز شریف کی خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں۔ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دستگیر ٹاؤن میں کرسمس کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب کرتے کیا۔اس موقع پر سابق یوسی وائس چیئرمین عبداللہ دھاریوال،ایلڈر انور و دیگر موجود تھے ۔ خرم دستگیر خان نے اس موقع پر مسیحی برادری میں کرسمس گفٹ تقسیم کئے اور کیک بھی کاٹا۔