وزیراعظم‘وزیراعلیٰ پنجاب ترقی کا سفر آگے بڑھا رہے ‘منشا اﷲ
ن لیگ دفتر میں قائد ڈے ، کرسمس اورنواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹاگیا،خطاب
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب منشا اﷲ بٹ نے مرکزی دفتر مسلم لیگ (ن)سیالکوٹ میں قائد اعظم ڈے ، کرسمس اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور قوم کو مبارکباد دی۔ تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی فیصل اکرام اور شکیلہ جاوید آرتھر، خواجہ ٹیپو سلطان، لیگی رہنما، ورکرز اور مسیحی برادری کے افراد کثیر تعداد میں شریک ہوئے ۔صوبائی وزیر نے خطاب میں کہا 2026میں پاکستان میں مزید معاشی خوشخبریاں آئیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز قائد نواز شریف کے ترقی کے سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں اور 2026ملک و قوم کیلئے امن، سکون اور ترقی کا سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاپاکستان میں بسنے والے تمام لوگ پاکستانی ہیں اور سب کے یکساں حقوق ہیں۔سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے منشا اﷲ بٹ نے کہا کہ شہر میں 500 بیڈز کا نیا ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے جبکہ اگلے ماہ سے سیالکوٹ میں الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی اور سیالکوٹ کے تمام ترقیاتی منصوبوں میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا اہم کردار ہے ۔ ضلع کچہری کے تمام دفاتر ایمن آباد روڈ منتقل کئے جائینگے اور موجودہ کچہری کی عمارت میں انتہائی خوبصورت باغ بنایا جائے گا۔