پنڈی بھٹیاں :تجاوزات کیخلاف آپریشن ، بازار و سڑکیں کشادہ
پنڈی بھٹیاں ( نامہ نگار )اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں جواد حسین ملک نے پیرا فورس کے ہمراہ شہر میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے آپریشن کیا اور مین بازار حافظ آباد روڈ لاہور روڈ سے تجاوزات کا خاتمہ کر ا دیا جس سے سڑکیں اور بازار کشادہ ہوگئے۔
مین بازار میں گرلز ہائر اور پرائمری سکولوں کے با ہر عرصہ دراز سے تجاوزات کی بھرمار تھی جس سے شہریوں کے علاوہ طالبات کو بھی گزرنے میں دشواری تھی خصوصاً چھٹی کے وقت بچیوں کو شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر اور پیرا فورس نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے با ہر قائم پرائیویٹ پارکنگ سٹینڈ کا بھی خاتمہ کر ا دیا جو پارکنگ کے نام پر موٹر سائیکل سوار شہریوں سے زبردستی رقم وصول کرتے تھے اور اس ناجائز سٹینڈ پر بھتہ خوری کرنے والے عناصر کو مبینہ طور پر بااثر سیاسی شخصیات کی پشت پنا ہی حاصل تھی جس پر ہسپتال کے ارباب اختیاربھی خاموشی اختیار کئے ہوئے تھے ۔انتظامیہ کے تجاوزات کے خلاف آپریشن پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے ۔