خواجہ معین الدین ؒ نے محبت اور امن کا پیغام عام کیا : پیر آصف
اولیائے کاملین کی تعلیمات پر عمل سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہے :خطاب
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر اور ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے کہا ہے کہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒنے نفرت اور تعصب کے اندھیروں میں محبتِ مصطفی ؐ کے چراغ روشن کئے ، آپ ؒکی تعلیمات انسانیت کی فلاح، احترام اور پیغامِ امن پر مبنی تھیں، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے اولیائے کاملین کی تعلیمات پر عمل ناگزیر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ کے عرس کے حوالے سے منعقدہ اجمیری لنگر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر حافظ کامران، مرزا انیب ثاقب، حافظ اکرام اور دیگر بھی موجود تھے۔
پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے مزید کہا کہ برصغیر میں اسلام کے امن پسند تشخص کو اجاگر کرنے میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒکا کردار تاریخ کا روشن باب ہے ۔ آپ ؒنے محبت، صبر اور خدمت کے ذریعے لاکھوں دلوں کو اسلام سے جوڑا، آپ ؒکے نزدیک عبادت کا اعلیٰ درجہ مخلوقِ خدا کی خدمت تھا ۔انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ صاحب ؒنے سماجی مساوات کو فروغ دیا اور امیر و غریب کے فرق کو ختم کرنے کی عملی مثال قائم کی، آج بھی آپ ؒکا پیغام ہر دل کو جوڑنے کی طاقت رکھتا ہے، اولیائے کاملین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اخوت، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا، خواجہ معین الدین چشتیؒ کا پیغام ہمیشہ زندہ رہے گا۔تقریب کے اختتام پر لنگر تقسیم کرنے سے قبل ملکی ترقی، سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔