کامونکے: 12 سال گزر گئے منی ہاکی سٹیڈیم نا مکمل عمارت ٹوٹ پھوٹ کا شکار

کامونکے: 12 سال گزر گئے منی ہاکی سٹیڈیم نا مکمل عمارت ٹوٹ پھوٹ کا شکار

آسٹروٹرف موجود نہ ہی جدید تربیتی سہولتیں فراہم ، دیواریں خستہ حال ، بیٹھنے کی جگہیں غیر محفوظ ، واش رومز بند ،صفائی کا کوئی انتظام نہیں، سٹیڈیم کے احاطے میں کچرے کے ڈھیر، کھلاڑی پر یشان

کامونکے (تحصیل رپورٹر)کامونکے میں کھیل کے فروغ کیلئے تعمیر کیا جانے والا منی ہاکی سٹیڈیم12سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکا، عدم توجہی اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث سٹیڈیم کی عمارت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، دیواریں خستہ حال ہو چکی ہیں، بیٹھنے کی جگہیں غیر محفوظ ہیں، واش رومز بند پڑے ہیں جبکہ صفائی کا کوئی انتظام نہیں۔ سٹیڈیم کے احاطے میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جو ماحول کو آلودہ کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گرا ئونڈ کی حالت بھی انتہائی خراب ہے ، کھیلنے کی سطح ہموار نہیں، کھلاڑی پریکٹس کے دوران بار بار گر کر زخمی ہو رہے ہیں۔

مقامی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم ہاکی کے فروغ کیلئے بنایا گیا تھا مگر سہولتوں کی عدم دستیابی نے کھیل کو شدید نقصان پہنچایا ہے ،آسٹروٹرف موجود ہے اور نہ ہی جدید تربیتی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، کھلاڑیوں کے مطابق اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو نوجوان ہاکی سے مزید دور ہوتے جائیں گے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق ایگزیکٹو سیکرٹری علی عباس نقوی نے بتایا کہ ہاکی اب عام کھیل نہیں رہا،نوجوانوں کو جدید سہولتوں کے ساتھ آسٹروٹرف سے آراستہ میدان دینا ہونگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں