میونسپل سروسز : شہر 15 زونز میں تقسیم، موٹربائیکس سکواڈ قائم
ای بائیکس کی چابیاں سکواڈ کے حوالے ، تجاوزات، صفائی، واسا ،سٹریٹ لائٹس سمیت دیگر مسائل بارے محکموں ،شعبوں کو بروقت اطلاع فراہم کرینگے :کمشنر
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ڈویژنل انتظامیہ نے شہر کو 15 زونز میں تقسیم کرتے ہوئے ‘‘ہیلو فیصل آباد میونسپل کارپوریشن موٹر بائیکس سکواڈ’’ تشکیل دے دیا ہے۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے میونسپل کارپوریشن میں ای بائیکس کی چابیاں متعلقہ سکواڈ کے حوالے کر دیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ موٹر بائیکس سکواڈ اپنے اپنے زونز میں تجاوزات، واسا ایشوز، سٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی، ڈاگ کلنگ، وال چاکنگ کے خاتمے، غیر قانونی پارکنگ، مسنگ مین ہولز اور کرب سٹونز کی صورتحال بارے متعلقہ محکموں اور شعبوں کو بروقت اطلاع فراہم کرے گا۔ کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ ہیلو فیصل آباد کے تحت ڈیجیٹل نظام بھی عنقریب متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت میونسپل کارپوریشن، واسا، پی ایچ اے ، ایف ڈی اے ، پنجاب فوڈ اتھارٹی، تحفظ ماحول، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیمیں فوری ردعمل دیتے ہوئے میونسپل سروسز کی فراہمی یقینی بنائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس نظام کے تحت شہریوں کو شکایات کی نشاندہی کیلئے واٹس ایپ نمبر بھی فراہم کیا جائے گا۔ کمشنر فیصل آباد نے زونز میں مقرر فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں اور عوامی مسائل کے حل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے مسائل کے حل اور میونسپل سروسز کی فراہمی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیڈ لائن مقرر کر رکھی ہے ، جس میں کسی قسم کی کوتاہی یا عدم توجہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ، چیف آفیسر ملک مرتضیٰ اور دیگر افسر بھی موجود تھے۔