بینظیر نے جان دیکر جمہوری تسلسل کو ممکن بنایا :ارشد مہند
حافظ آباد(نامہ نگار، نمائندہ دنیاف )سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر فوارہ چوک حافظ آباد میں خصوصی دُعائیہ تقریب زیر صدارت ضلعی رہنما پیپلز پارٹی اور سابق صدر بار محمد ارشد مہند ایڈووکیٹ ہوئی۔
تقریب میں وکلاء برادری، معزز شہریوں، پارٹی کے کارکنوں اور کرسچین کمیونٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا ، اس موقع پر شہید محترمہ کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد ارشد مہند ایڈووکیٹ نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو صرف ایک سیاسی قائد نہیں بلکہ وفاق کی علامت، جمہوریت، آئین کی بالادستی، انسانی حقوق اور عوامی حاکمیت کی علامت تھیں۔ انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر ملک میں جمہوری تسلسل کو ممکن بنایا اور آمریت کیخلاف جدوجہد کی ایک روشن مثال قائم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ مظلوم، اقلیتوں، خواتین اور پسے ہوئے طبقات کی آواز بن کر سیاست کی جس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں کم ہی ملتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت نے قوم کو یہ سبق دیا کہ جمہوریت کی بقا قربانی مانگتی ہے اور پیپلز پارٹی آج بھی اسی نظریے پر کاربند ہے ۔