2025 میں بھرتی کانسٹیبل 5ماہ کی تنخواہوں سے محروم
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)2025 میں بھرتی کانسٹیبل تاحال 5ماہ کی تنخواہوں سے محروم ، جسکے باعث انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے ۔
متاثرہ کانسٹیبلز کی تعداد 28 بتائی جا رہی ہے جو ابتدائی طور پر پولیس لائن گوجرانوالہ میں تعینات رہے اور بعد ازاں ان کی ٹرانسفر مختلف تھانوں اور دفاتر میں کر دی گئی تاہم تنخواہوں کا اجرا تاحال عمل میں نہیں آ سکا۔ متاثرہ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انہیں تقریباً پانچ ماہ گزر چکے ہیں لیکن ابھی تک تنخواہ موصول نہیں ہوئی، جس سے روزمرہ اخراجات پورے کرنے کے لیے والدین پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے ۔ بعض نے بتایا کہ بچوں کے اخراجات چلانے کے لیے قرض تک لینا پڑ رہا ہے ، جو ذہنی دباؤ کا سبب بن رہا ہے ۔ اہلکاروں نے آر پی او اور سی پی او گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کانسٹیبل بھرتی 2025 کے تحت تعینات نوجوانوں کی تنخواہوں کا فوری اجرا یقینی بنایا جائے تاکہ وہ مالی پریشانی سے نکل سکیں اور پوری توجہ کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔