280 آئمہ مساجد کو ماہانہ اعزازیہ کے پے آرڈر تقسیم
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مختلف مساجد کے آئمہ و علماء حضرات کو حکومت پنجاب کی جانب سے وظائف پے آرڈر تقسیم کر دیئے گئے۔
تقریب کا اہتمام اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کے آفس میں کیا گیا،ابتدائی مرحلہ میں 280 آئمہ مساجد کو ماہانہ اعزازیہ کے پے آرڈر تقسیم کیے گئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے مہمان خصوصی ایم این اے بلال فاروق تارڑ نے کہا کہ آئمہ مساجد کو ماہانہ اعزازیہ دیا جانا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تاریخی اقدام ہے ۔ آئمہ مساجد کو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ماہانہ 25 ہزار فی کس کے حساب سے وظائف کی تقسیم کی گئی ہے جسے علما نے بھی پنجاب حکومت کا تاریخی و مثبت قدم قرار دیا ہے انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں 280 امام صاحبان کو پے آرڈر دیئے گئے ہیں جن علما کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے انہیں آئندہ کچھ روز میں رقوم تقسیم کی جائیں گی۔ اس موقع پر ایم پی اے وقار چیمہ نے کہا وزیر اعلیٰ کا اسلام دوست قدم علما کی عزت و تکریم کا سبب بنے گا۔اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد پیرزادہ ، لیگی رہنما مستنصر گوندل ایڈووکیٹ،سابق چیئرمین بلدیہ وزیرآباد بابو شعیب ادریس، میاں شہباز ، ضمیر کاظمی،زاہد محمود ہاشمی و دیگر نے بھی خطاب کیا اور آئمہ مساجد کے لیے ماہانہ اعزازیہ کو مثبت اقدام قرار دیا۔