نالہ بھیڈ کی ری ماڈلنگ وسٹرکچرنگ کی جائیگی:فیصل اکرام
سیالکوٹ( ڈسٹرکٹ رپورٹر)رکن صوبائی اسمبلی چودھری فیصل اکرام نے کہا ہے کہ سیالکوٹ شہر کو اربن فلڈنگ اور بارشی پانی کے مسائل سے مستقل بنیادوں پر محفوظ رکھنے کے لیے نالہ بھیڈ کی وسیع پیمانے پر ری ماڈلنگ اور ری اسٹرکچرنگ کی جائے گی۔
منصوبے کے تحت نالے کو پختہ کرنے پر 2 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی جبکہ زمین کی خریداری اور ڈیزائن کی تبدیلی کے لیے حکومتِ پنجاب اضافی فنڈز فراہم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن عباس ذوالقرنین کے ہمراہ نالہ بھیڈ کے توسیعی منصوبے کے معائنے پر کیا۔ فیصل اکرام نے بتایا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی ہدایت پر منصوبے کو سائنسی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے فیزیبلٹی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے جس کی روشنی میں نالے کے بہائوکو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا نالہ بھیڈ کی صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ اب تک نالے سے 7 ہزار ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ اور مٹی نکالی جا چکی ہے ، جس سے پانی کے بہائو میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے ہدایت کی کہ مون سون سے قبل تمام حفاظتی انتظامات مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔