عوامی ریفرنڈم کے بعد حافظ نعیم اگلا لائحہ عمل دینگے :لیاقت بلوچ

عوامی ریفرنڈم کے بعد حافظ نعیم اگلا لائحہ عمل دینگے :لیاقت بلوچ

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پنجاب میں پندرہ سال سے بلدیاتی الیکشن نہیں ہوئے ،ہر بار بلدیاتی ایکٹ میں تبدیلی بہانہ کیا جاتا ہے صوبائی حکومت نے اسمبلی میں بلدیاتی ایکٹ کاکالاقانون منظور کیا ہے جس سے ضلع اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن ختم کر دی گئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوجرانوالہ میں پارٹی کے عوامی ریفرنڈم بارے پریس کانفرنس میں کیا۔اس موقع پرامیر جماعت اسلامی پنجاب جاوید قصوری، ضلعی امیر مظہر اقبال رندھاوا،چیف ریفرنڈم کمشنر حافظ حمید الدین اعوان،علی رضا حسنی،ڈاکٹر شریف گجر،حافظ نعیم فہیم، عمر فاروق گیلانی ،فرقان عزیزبٹ ، خرم سلیم کھوکھر ،بشارت صدیقی و دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کالے قانون کیخلاف چار روزہ عوامی ریفرنڈم کا آغاز کر دیا ہے چار دن بعد امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن اگلا لائحہ عمل دینگے ، حکمران ٹس سے مس نہ ہوئے تو پھر پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا ہو گا، خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف بھی بلدیاتی الیکشن سے بھاگ رہی ہے ،وفاق اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن سے بھاگ گیا ، مسلم حکمران ٹرمپ کے شکنجے اور فریب سے باہر آئیں، ایران کو دھمکی پاکستان کیلئے بھی خطرہ ہے ۔جاوید قصوری نے کہا پنجاب بھر میں بلدیاتی قانون کیخلاف عوام سے رائے لی جائیگی، ضلعی، میٹروپولیٹن اور سٹی کارپوریشنز بحال کی جائیں، شہروں کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا درجہ اور ضلعی حکومتوں کو با اختیار بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں