ڈسکہ اور گردنواح میں گیس پریشر بڑھانے کیلئے ہوٹلوں گھروں پر کمپریسر کا بے دریغ استعمال
غیر قانونی اقدام سے کمپریسر استعمال نہ کر نیوالے گھریلو صارفین مشکلات کا شکار ، صبح اور شام کے اوقات میں چولہے جلانا محال ہوگیا،سخت کارروائی کامطالبہ
ڈسکہ (نمائندہ دنیا)ڈسکہ شہر اور گردو نواح میں گیس کا پریشر بڑھانے کیلئے ہوٹلوں اور گھروں میں کمپریسر کے بے دریغ غیر قانونی استعمال سے عام صارفین اذیت میں مبتلا ہو گئے تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت کے ساتھ ہی شہریوں کوگیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے مبینہ طور پر ہوٹل وتنور مالکان اور گھروں میں گیس کا پریشر بڑھانے کیلئے غیر قانونی طور پر کمپریسر کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے جس سے کمپریسر استعمال نہ کر نیوالے گھریلو صارفین مشکلات کا شکار ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ گیس کا پریشر پہلے ہی انتہائی کم ہے اور کمپریسر کے استعمال سے صبح اور شام کے اوقات میں گھروں میں چولہے جلانا محال ہوگیاہے ، کھانا بنانے کیلئے مہنگی ایل پی جی اور لکڑی کا استعمال کرنا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ان کا گھریلو بجٹ بھی شدید متاثر ہورہا ہے متاثرہ صارفین نے جی ایم سوئی ناردرن گیس کمپنی سے کمپریسر استعمال کر نیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔