درجہ چہارم کے ملازم کے گھر سے لاکھوں روپے چوری

 درجہ چہارم کے ملازم کے گھر سے لاکھوں روپے چوری

گجرات (نامہ نگار )تھانہ سول لائن کے علاقہ میں فارن آفس سے وابستہ ملازم کے گھر سے لاکھوں روپے کی مبینہ چوری کا واقعہ سامنے آنے کے بعد معاملہ مزید سنجیدہ صورت اختیار کر گیا ۔

 ذرائع کے مطابق فارن آفس کے ملازم عامر شوکت گورائیہ نے تھانہ سول لائن گجرات میں مقدمہ درج کر ایا ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس کی رہائش گاہ سے نامعلوم چور 40 لاکھ 61 ہزار روپے چوری کر کے فرار ہو گئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ۔ذرائع کے مطابق چوری کی اطلاع سامنے آنے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے اس معاملے کے دیگر پہلوؤں پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ایک سرکاری ادارے کے درجہ چہارم کے ملازم کے گھر سے اتنی بڑی رقم چوری ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے تو متعلقہ اداروں کو اس بات کا بھی جائزہ لینا چاہیے کہ اتنی بڑی رقم کہاں سے آئی اور اس کا ذریعہ آمدن کیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق عامر شوکت گورائیہ کی تنخواہ تقریباً 35 ہزار روپے ماہانہ بتائی جاتی ہے جس کے باعث اس قدر بڑی رقم کی موجودگی پر مزید سوالات جنم لے رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں