گجرات:مساجد ‘عید گاہوں میں فول پروف سکیو رٹی انتظامات
عید پر ایلیٹ فورس ٹیمیں ہائی الرٹ ‘ ڈی پی او کا مختلف علاقوں کا دورہ
گجرات(سٹی رپورٹر )عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے گجرات پولیس کی جانب سے ضلع بھر کی مساجد، امام بارگاہوں اور عیدگاہوں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عمر فاروق نے نماز عید کے اجتماعات کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف مساجد اور عیدگاہوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈیوٹی پر تعینات افسر وں و اہلکاروں سے ملاقات کی، انہیں عید کی مبارکباد دی اور جوانوں میں عیدی بھی تقسیم کی۔ اس موقع پر ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں عید کے سینکڑوں اجتماعات پر پولیس افسران، جوانوں اور رضا کاروں کو تعینات کیا گیا ہے ، اہم عبادت گاہوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی، جامع چیکنگ اور واک تھرو گیٹس کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جا سکے ۔ مزید برآں گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے ، ایلیٹ فورس اور کوئیک رسپانس ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں جبکہ سیف سٹی، جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون سرویلنس کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی گئی ۔