عید پر مہنگائی کا طوفان، انتظامیہ غائب

عید پر مہنگائی کا طوفان، انتظامیہ غائب

شہری ناجائز منافع خوروں کے ہاتھوں لٹتے رہے ‘بکرے کا گوشت 3ہزار ‘ بیف 1600روپے کلو تک فروخت ‘مرغی کا مہنگی‘پھل اور سبزیاں بھی پہنچ سے دور

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)عید الفطر کے موقع پر گوجرانوالہ ڈویژن کی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا طوفان رہا ،ضلعی انتظامیہ کے افسر ,پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کے ملازمین عید مناتے رہے اور شہری ناجائز منافع خوروں کے ہاتھوں لٹتے رہے ، بکرے کا گوشت 3ہزار روپے میں فروخت ہوتا رہا جبکہ بیف 1600روپے کلو تک پہنچ گیا ،مرغی کا گوشت اچانک 100روپے سے 125 روپے تک بڑھادیاگیا،سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیاگیا، دکاندار اور ریڑھی بان مصنوعی مہنگائی اور قلت پیدا کرکے شہریوں کو لوٹتے رہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بازاروں میں غائب رہے ، عید الفطر قریب کے ایام کے دوران شہر کے مختلف بازاروں ،مارکیٹوں اور علاقوں میں قائم سبزیاں اور پھلوں کی فروخت کرنے والے دکانداروں اور ریڑھی بانوں نے ریٹ 100فیصد سے زائد بڑھا د ئیے ۔ کیلا 300روپے درجن ،نیوزی لینڈ سیب400،چائنہ سیب350روپے کلو فروخت ہو تا رہا ۔ مصنوعی مہنگائی کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی خریداری محنت کش طبقہ کی پہنچ سے دور ہوگئی، مختلف بازاروں میں دکانداروں اور ڈیلروں نے مصنوعی قلت پیدا کرکے سبزیوں ،مصالحہ جات کا ذخیرہ کرلیا،عید کے باعث گوجرانوالہ میں حلوائیوں ‘بیکری مالکان اور نمکو دالیں فروخت کرنیوالوں نے بھی سرکاری نرخ نامے ہٹا کر من مانے نرخ مقرر کر کے فروخت جاری رکھی ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں