مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے پر گوجرانوالہ چیمبر کے تحفظات

مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے پر گوجرانوالہ چیمبر کے تحفظات

کاروباری سرگرمیوں کو محدود کرنا موجودہ حالات میں معیشت کیلئے اچھا نہیں:صدر

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنے کے حکومتی فیصلے پر صدر گوجرانوالہ چیمبرعلی ہمایوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فوری نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے ۔صدر چیمبر علی ہمایوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو محدود کرنا موجودہ معاشی حالات میں کسی طور بھی معیشت کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مہنگائی کے مسلسل دباؤ، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے اور خام مال کی قیمتوں میں پہلے ہی تقریباً 30 فیصد اضافے کے باعث بزنس کمیونٹی شدید مشکلات کا شکار ہے ۔ صدر گوجرانوالہ چیمبر کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں کاروباری اوقات کار کو مزید محدود کرنا تاجروں اور صنعتکاروں کیلئے مشکلات میں اضافہ کرے گا، جس کے منفی اثرات روزگار اور مجموعی تجارتی سرگرمیوں پر بھی مرتب ہوں گے ۔ انہوں نے زور دیا کہ توانائی بچت اور کاروباری تسلسل کے درمیان متوازن پالیسی اپنانا ناگزیر ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کم از کم رات 10 بجے تک کاروبار کی اجازت دی جائے اور تمام اہم فیصلے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کئے جائیں تاکہ معیشت کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں