مہنگائی بے قابو ، تعمیراتی شعبہ ٹھپ، مزدور فاقوں پر مجبور

 مہنگائی بے قابو ، تعمیراتی شعبہ ٹھپ، مزدور فاقوں پر مجبور

ریت، سیمنٹ، سریا اور دیگر سامان مہنگا ،لاگت بڑھنے کے با عث کام رک گئے

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )پٹرولیم قیمتوں میں تاریخی اضافے کے بعد مہنگائی بے قابو ، تعمیراتی شعبہ ٹھپ، مزدور فاقوں پر مجبور ہوگئے ۔ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ تاریخی اضافے کے بعد مہنگائی کا طوفان شدت اختیار کر گیا جس کے اثرات علی پورچٹھہ میں بھی واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔ تیل و گیس کی قیمتیں بڑھتے ہی روزمرہ اشیا کے ساتھ ساتھ تعمیراتی میٹریل کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ریت، سیمنٹ، سریا اور دیگر تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث تعمیراتی کام تقریباً ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔ ٹھیکیداروں اور شہریوں نے بڑھتی لاگت کے باعث نئے منصوبے روک د ئیے ہیں جبکہ جاری کام بھی سست روی کا شکار ہو گئے ہیں۔ اس صورتحال کا سب سے زیادہ اثر دیہاڑی دار مزدور طبقے پر پڑا ہے جو روزگار نہ ملنے کے باعث گھروں میں بیٹھنے پر مجبور ہیں۔ مزدوروں کا کہنا ہے کہ کام بند ہونے سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں ۔شہریوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ درحقیقت پٹرول بم ثابت ہوا جس نے مہنگائی کے مارے عوام کی کمر توڑ دی ۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو معاشی بحران شدت اختیار کر سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں