پھالیہ :سڑکوں ، بازاروں ، فٹ پاتھوں پر تجاوزات کا خاتمہ

پھالیہ :سڑکوں ، بازاروں ، فٹ پاتھوں پر تجاوزات کا خاتمہ

تھڑے ، ریڑھیاں اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دیں ،ٹریفک روانی بحال ، شہری خوش

پھالیہ (نامہ نگار )پھالیہ میں پیرا فورس کی بلا تفریق تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں ، شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے سڑکوں، بازاروں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔ اس دوران دکانداروں کی جانب سے قائم کیے گئے تھڑے ، ریڑھیاں اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دی گئیں جس سے شہریوں کو آمدورفت میں واضح بہتری محسوس ہونے لگی۔انتظامیہ کے مطابق آپریشن کے دوران بھاری سامان ضبط کر لیا گیا جبکہ تجاوزات قائم کرنے والوں کو متنبہ کیا گیا کہ آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پیرا فورس اور میونسپل کمیٹی کی مشترکہ ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے شاہراہوں کو کشادہ اور ٹریفک کی روانی کو بحال کیا۔شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے باعث نہ صرف ٹریفک کے مسائل بڑھ رہے تھے بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ انہوں نے ضلعی و تحصیل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس آپریشن کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ شہر میں نظم و ضبط برقرار رہے ۔دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں