آزمائشیں ہی قوموں کو نکھارتی ہیں:ڈاکٹر طار ق سلیم
اقبال نے خودی، اتحاد اور حوصلے کے ذریعے امت مسلمہ کی سربلندی کا خواب پیش کیا
گجرات (نامہ نگار )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے کہا ہے کہ عالمی حالات میں، جہاں چیلنجز شدت اختیار کر رہے ہیں، وہیں پاکستان استقامت، صبر اور مسلسل جہدوجہد کی عملی مثال بن کر ابھر رہا ہے ، اسلامی تاریخ گواہ ہے کہ آزمائشیں ہی قوموں کو نکھارتی ہیں، اسی تناظر میں ایران نے بھی صبر و تحمل، استقامت، بہادری اور قربانیوں کی روشن مثال قائم کی ہے جس نے اسے مشکل حالات میں بھی ڈٹ کر کھڑے رہنے کا حوصلہ دیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اپنی بہترین سفارتکاری کے ذریعے ایران اور امریکہ کے درمیان توازن قائم رکھتے ہوئے امن، مذاکرات اور ثالثی کو فروغ دیا جس سے اس کا بین الاقوامی گراف مسلسل بلند ہو رہا ہے ۔ یہ طرزعمل اس بات کی دلیل ہے کہ طاقت صرف اسلحے میں نہیں بلکہ حکمت، صبر اور تدبر میں بھی ہوتی ہے ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ یہ راستہ ہمیں علامہ محمد اقبال کے اس تصور کی یاد دلاتا ہے جس میں خودی، اتحاد اور حوصلے کے ذریعے امت مسلمہ کی سربلندی کا خواب پیش کیا گیا۔ اسی طرح مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کی فکر رہنمائی دیتی ہے کہ ایک مضبوط، عادل اور اصولی ریاست ہی حقیقی کامیابی کی ضامن ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کا مؤقف بھی یہی ہے کہ امت مسلمہ کو باہمی اتحاد، صبر اور حکمت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے اور مسلم ممالک کے درمیان تنازعات کو جنگ کے بجائے مذاکرات اور اخوت کے ذریعے حل کیا جائے ۔