پاکستان ، جرمنی کے تعلقات مزید مضبوط ہونگے :مہمان سفیر
اینا لیپل کا زرعی یونیورسٹی کادورہ ،عالمی امن میں پاکستان کا کردار پر سیمینار بھی ہوا
فیصل آباد(نیوز رپورٹر)جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے کہا ہے کہ حالیہ تناظر میں پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے جس سے پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی کے دورہ پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار اور ڈینز و ڈائریکٹرزسے ملاقات پر کیا۔ جرمن سفیر نے کہا تعلیمی تعاون تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اسوقت 10 ہزار پاکستانی طلبہ جرمنی میں زیر تعلیم ہیں۔ ہنرمند نوجوان جرمن کمپنیوں میں ووکیشنل تربیت حاصل کر رہے ہیں تاہم اس کیلئے جرمن زبان کا علم ضروری ہے ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار نے یونیورسٹی میں جرمن زبان کے مرکز کے قیام کی تجویز دی اوربتایا کہ اسوقت یونیورسٹی کے جرمن جامعات کیساتھ 10 فعال مفاہمتی یادداشتیں موجود ہیں۔ کئی منصوبے جرمن اداروں کے تعاون سے جاری ہیں۔ 63 لاکھ 65 ہزار کے دو تحقیقی منصوبے بھی جرمن شراکت داروں کی مالی معاونت سے چل رہے ہیں۔ دریں اثنا زرعی یونیورسٹی میں عالمی امن اور سفارتکاری میں پاکستان کے ابھرتے کردار پر آگاہی سیمینار ہوا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار نے خطا ب میں ہم آہنگی، برداشت اور مکالمے کے فروغ میں نوجوانوں کے کلیدی کردار پر زور دیا۔
انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہتے کہا کہ ثالثی کا کردار اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کے سفیر کے طور پر جانا جاتا ہے ۔ سیمینار میں ڈاکٹر اظہر اور ڈاکٹر انسا جمشید نے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور امن سازی کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت ، ڈاکٹر رافع مزمل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔