سکول میں چھٹی کے وقت طلبہ کا انخلا یقینی بنانے کی ہدایت
تمام طلبہ کی گھروں کو روانگی تک ڈیوٹی پر موجود استاد سکول سے نہیں جائیگا
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)حکومتِ پنجاب، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں تمام اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ سکول کی چھٹی کے وقت مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ کسی بھی طالب علم کے سکول کی حدود میں رہ جانے کے خدشے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے ۔ڈاکٹر عطیہ ارشد ملک چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی گوجرانوالہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ سکول بند ہونے کے وقت ادارے کا سربراہ ذاتی طور پر نگرانی کرے اور تمام کلاس رومز، واش رومز، سائنس و کمپیوٹر لیبارٹریز، لائبریری، کھیل کے میدان اور دیگر تمام حصوں کی مکمل جانچ پڑتال کو یقینی بنائے ، اس بات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی طالب علم سکول کے اندر موجود نہ رہے ۔مزید برآں ہر سکول میں روزانہ کی بنیاد پر ایک ذمہ دار ٹیچر یا سٹاف ممبر کو ڈیوٹی سونپی جائے گی جو چھٹی کے وقت اس امر کی تصدیق کرے گا کہ تمام طلبہ بحفاظت اپنے گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں۔ متعلقہ ڈیوٹی پر موجود استاد اس وقت تک سکول سے نہیں جا سکے گا جب تک وہ مکمل تسلی نہ کر لے کہ سکول میں کوئی بھی طالب علم موجود نہیں۔ڈاکٹر عطیہ ارشد ملک کا مزید کہنا تھا کہ ان ہدایات پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ناقابلِ برداشت ہوگی۔