علی پورچٹھہ :بجلی کے لٹکتے ننگے تار شہریوں کیلئے خطرہ

علی پورچٹھہ :بجلی کے لٹکتے ننگے تار شہریوں کیلئے خطرہ

بارش کے دوران گھروں کی دیواروں اور میٹرز میں کرنٹ آنا معمولگیپکو کی غفلت کے با عث مسائل حل ہونے کے بجائے بڑھ رہے :شہری

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں بجلی کے لٹکتے ننگے تار شہریوں کیلئے سنگین خطرہ بن گئے ۔تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کے تار لٹک رہے ہیں، کئی مقامات پر ننگے جوڑ واضح دکھائی دیتے ہیں جبکہ بعض جگہوں پر تار زمین پر لگ رہے ہیں جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خصوصاً بارش اور خراب موسم کے دوران گھروں کی دیواروں اور میٹرز میں کرنٹ آنا معمول بن چکا جس کے باعث شارٹ سرکٹ اور چنگاریاں نکلنے کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق اس صورتحال کے باعث پہلے بھی کئی افسوسناک واقعات پیش آ چکے ہیں جہاں مزدور، رنگ ساز اور دیگر محنت کش طبقے کے افراد کام کے دوران کرنٹ لگنے سے جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ گیپکو عملہ مسائل کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے مبینہ طور پر چائے پانی کے کلچر کو فروغ دے رہا ہے جس کی وجہ سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید بڑھتے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے ، بجلی کے بوسیدہ نظام کی مرمت، ننگے تاروں اور خطرناک جوڑوں کو درست کرنے اور ذمہ دار وں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں