تحصیل ہسپتال نوشہرہ ورکاں کی اپ گریڈیشن کے احکامات
دروازوں کی پینٹنگ، ٹائلز کی تبدیلی، لٹکتے تاروں کی درستگی،وائٹ واش کی ہدایت
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال نوشہرہ ورکاں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ہسپتال کے مرکزی دروازوں کی پینٹنگ، خستہ حال ٹائلز کی تبدیلی، بجلی کے لٹکتے تاروں کی درستگی اور عمارت کی وائٹ واش کے احکامات جاری کئے گئے تاکہ مریضوں کو صاف ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے ۔اجلاس میں مزید ہدایات جاری کی گئیں کہ شہری سہولیات میں بہتری کیلئے جنرل بس سٹینڈ میں ٹف ٹائلز کی تنصیب کو جلد مکمل کیا جائے جبکہ نوشہرہ ورکاں چلڈرن پارک کی تعمیر کو جون تک ہر صورت مکمل کیا جائے ۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں، ایکسین پبلک بلڈنگز، ڈی ایچ او اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسر وں نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔علا و ہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب کے خوبصورت پنجاب پروگرام کے تحت نوشہرہ ورکاں کے موجودہ بازار کو اپ گریڈ کر کے ماڈل بازار میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر بھی پیش رفت کا جائزہ لینے علیحدہ اجلاس منعقد ہوا۔ اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ سمیرا عنبرین، ضلع کونسل اور اربن یونٹ کے افسر وں نے بریفنگ دی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں سعدیہ جمال سمیت دیگر افسر وں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے شہریوں کو بہتر طبی، تفریحی اور تجارتی سہولیات میسر آئیں گی ۔