جناح اسلامیہ کالج سیالکوٹ میں علامہ اقبال کی برسی پر تقریب

جناح اسلامیہ کالج سیالکوٹ میں علامہ اقبال کی برسی پر تقریب

علامہ اقبال کی فکر آج بھی اتنی ہی تازہ ہے جتنی ایک صدی پہلے تھی:مقررین

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) شعبہ اردو گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج سیالکوٹ کے زیرِ اہتمام شاعرِ مشرق مصورِ پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال رحمتہ اﷲ علیہ کا 88 واں یومِ وصال نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ تقریب کا آغاز مفکرِ پاکستان کے بلندیِ درجات کے لیے دعا سے ہوا۔اس موقع پر ڈاکٹر یاسر ذیشان نے یومِ اقبال کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا حقیقی مقصد اقبال کی فکر، ان کے علم اور فن کو اپنے تعلیمی و عملی رویوں میں دوبارہ زندہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا عظیم لوگوں کی پہچان یہ ہے کہ ان کے علوم و فنون زماں و مکان کی قید سے آزاد ہوتے ہیں۔ اقبال کی فکر آج بھی اتنی ہی تازہ ہے جتنی ایک صدی پہلے تھی۔ پروفیسر کلیم انجم نے اقبال کے کلام کی روشنی میں بتایا کہ کس طرح علامہ اقبال نے اسلام کے تمام اہم عنوانات، توحید و رسالت سے لے کر عناصرِ فطرت تک کو اپنے کلام میں سمو دیا ہے ۔ صدر شعبہ فارسی پروفیسر پیمان خضر نے علامہ اقبال کے منتخب فارسی کلام کے حوالے سے اس بات پر زور دیا کہ اقبال کی شاعری کا اہم موضوع نوجوانوں کی بیداری ہے ۔ اقبال نے اپنے کلام کا بڑا حصہ نوجوانوں کی ذہنی، فکری اور جذباتی نشوونما کے لیے وقف کیا تاکہ وہ ملت کا سرمایہ بن سکیں۔پروگرام کے آخری حصے میں ثنان فاضل نے سحر انگیز آواز میں علامہ اقبال کا کلام پیش کر کے شرکاء کے لہو کو گرمایا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں