چناب کے بیلہ میں حفاظتی بند کی تعمیر، اراضی متاثر، معاوضہ نہ ملنے پر زمینداروں کا احتجاج
سلہوکی چٹھہ کے زرعی رقبہ کے مالکان کا زمینوں کے متاثر ہونے اور پیشگی اطلاع نہ د ئیے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار ،وزیر اعلیٰ پنجاب صورتحال کا نوٹس لیں ، معاوضہ کی ادائیگی کی جائے :متاثرین
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )دریائے چناب بیلہ میں ٹھوکر کی تعمیر کے با عث سلہوکی چٹھہ کے کاشتکاروں کی زمینیں متاثر، معاوضہ نہ ملنے پر زمیندار سراپا احتجاج بن گئے ۔ علی پورچٹھہ کے مضافاتی علاقے دریائے چناب کے بیلہ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی بند کے ساتھ ٹھوکر کی تعمیر کا کام جاری ہے تاہم سلہوکی چٹھہ کے زرعی رقبہ کے مالکان نے زمینوں کے متاثر ہونے اور پیشگی اطلاع نہ د ئیے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔متاثرین کا کہنا ہے کہ اراضی مالکان کو کو ئی اطلاع نہیں دی گئی ۔ فاروق احمد فاروقی، عبدالقدوس ، محمد عامر ، ہمایوں احمد ، وقاص احمد ، منظور ملاح، شہباز ملاح، عباس ملاح، انجم شہاب ، الیاس آرائیں اور مشتاق آرائیں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لے اور متاثرہ رقبہ مالکان کو زمینوں کا مناسب اور بروقت معاوضہ ادا کیا جائے تاکہ ان کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ ہو سکے ۔ متاثرہ افراد نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں اور محکمہ ایریگیشن کو ہدایت جاری کریں کہ متاثرین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے ۔