جوا نیٹ ورک کیخلاف پولیس کارروائیاں سست روی کا شکار

جوا نیٹ ورک کیخلاف پولیس کارروائیاں سست روی کا شکار

کریک ڈائون کے با وجود نیٹ ورک کا سپر ایڈمن شاہد جوئیہ گرفت سے باہر

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)شہر میں بڑے پیمانے پر جوا کر انے والے گروہوں کیخلاف پولیس کارروائیاں سست روی کا شکار ہو گئیں ،چند روز کے وقفہ کے بعد جوا دوبارہ شروع ہو گیا۔پولیس کے مطابق حالیہ کریک ڈاؤن میں درجنوں بکیوں اور جواریوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ شہر کے مبینہ بڑے بکی عمران جوئیہ کو سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے گرفتار کیا تھا تاہم اس کا بڑا بھائی اور مبینہ طور پر پورے نیٹ ورک کا سپر ایڈمن شاہد جوئیہ تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہے ۔ذرائع کے مطابق عمران جوئیہ کی گرفتاری کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا تھا جس کے بعد گوجرانوالہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چند روز کیلئے جوا نیٹ ورک مکمل طور پر بند رہا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم کی جانب سے شہر بھر میں پھیلے منظم جوا نیٹ ورک اور اس سے جڑے افراد کے حوالے سے اہم انکشافات کیے گئے تھے جن کی بنیاد پر مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے ۔پولیس کارروائیوں کے دوران عمران جوئیہ کے علاوہ وقاص قیوم عرف وکی، تنویر، اسامہ، فیصل، حافظ نوید، ناصر اور یاسر سمیت متعدد بکیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ چھاپوں کے دوران ریکارڈ، موبائل فونز اور دیگر اہم شواہد بھی قبضے میں لئے گئے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک کے مرکزی کردار شاہد جوئیہ کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور اس کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ بکیوں اور جواریوں کے خلاف بھرپور کریک ڈا ئون جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں