پو لیس مقابلے ،2 ریکارڈ یافتہ ملزم زخمی حالت میں گرفتار
گرفتاری سے بچنے کیلئے ہسپتال کی چھت سے چھلانگ لگانے والا شدید زخمی
گوجرانوالہ،کامونکے (کرائم رپورٹر، تحصیل رپورٹر )گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران2ریکارڈ یافتہ ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ۔بتایا گیا ہے کہ تھانہ لدھیوالا وڑائچ کے علاقہ میں مقابلہ کے دوران منشیات اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم عاطف سعید پولیس ناکہ سے فرار ہونے کی کوشش میں حادثہ کے دوران زخمی حالت میں گرفتارہوا،پولیس نے ملزم کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کی ۔ کامونکے میں گرفتاری سے بچنے کیلئے ویٹرنری ہسپتال کی چھت سے چھلانگ لگانے والا ملزم شدید زخمی ہوگیا۔ تھانہ واہنڈو کے ایس آئی انعام اللہ راشد نے ٹیم کے ہمراہ موضع گونا عور میں اسلحہ سے لیس شخص کو گرفتار کرنا چاہا جو بھاگ کر ویٹرنری ہسپتال کی چھت پر چڑھ گیا۔ پولیس ملازمین کی جانب سے پکڑنے کی کوشش پر چھت سے چھلانگ لگا دی جس کے نتیجے میں ملزم کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت گونا عور کے عمران حیدر کے نام سے ہوئی جو جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث تھا اور علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ۔