حافظ آباد:ڈومیسائل کے اجرا میں تاخیر‘طلبہ پریشان
تعلیمی اداروں میں داخلوں ‘ ملازمتوں کیلئے اپلائی کرنے والوں کو بھی مشکلات
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دُنیا )حافظ آباد میں سینکڑوں نوجوان اور طلبہ ڈومیسائل کے اجرا میں غیر معمولی تاخیر کے باعث پریشان ہوکر رہ گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر آفس میں ڈومیسائل کے حصول کیلئے امیدوار وں کی درخواستیں تو جمع کی جارہی ہیں لیکن اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون کی جانب سے ڈومسا ئل سرٹیفکیٹس پر دستخط نہ کئے جانے سے ڈومیسائل کا اجرا ایک ہفتہ سے تعطل کا شکار چلا آرہاہے جس کی وجہ سے طلبہ کو مختلف میڈیکل کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ، بلکہ ملازمتوں کے حصول کیلئے اپلائی کرنے میں بھی امیدواروں کو شدید پریشانی کاسامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ متاثرہ امیدواروں اور انکے والدین نے اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون کی غفلت اور لاپرواہی پر شدیداحتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شدید گرمی وحبس کے اس موسم میں اسسٹنٹ کمشنر کے روزانہ چکرلگالگاکر ہلکان ہورہے ہیں لیکن بروقت ڈومیسائل کا حصول انکے لئے درد سر بن چکا ہے ۔ انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب ، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ زیر التوا تمام ڈومیسائل درخواستوں کو ہنگامی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور سائلین کو مزید خوار ہونے سے بچایا جائے ۔