ٹیکس ریونیو 46.4 ارب ڈالر سے بڑھ سکتا:چیئر مین ایف بی آر
معیشت کو دستاویزی شکل دینے ، اصلاحات سے ٹیکس وصولی بڑھی:لنگڑیال
اسلام آباد(اے پی پی)چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران ٹیکس وصولیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو معیشت کے دستاویزی شکل اختیار کرنے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کا نتیجہ ہے ۔قومی اقتصادی سروے 2025-26 کے اجرا کی تقریب کے دوران راشد لنگڑیال نے بتایا کہ جون 2024 تک ایف بی آر کی وصولیاں 32اعشاریہ6ارب ڈالر تھیں جو جون 2025 میں بڑھ کر 41 اعشاریہ 9ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ رواں مالی سال کے اختتام تک محصولات کا حجم 46اعشاریہ 4 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے مختلف اداروں سے معلومات حاصل کی گئیں جن میں نیب کی جانب سے پرانی جائیدادوں سے متعلق فراہم کردہ تفصیلات بھی شامل ہیں جس سے ٹیکس دہندگان کی نشاندہی اور محصولات میں اضافے میں مدد ملی۔راشد لنگڑیال نے ٹیکس انتظامیہ میں شفافیت اور میرٹ کے فروغ کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر میں سفارش اور دباؤ کے کلچر کے خاتمے کے لیے وزیراعظم اور حکومتی قیادت کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کو پیشہ ورانہ بنیادوں پر چلانے اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے محصولات میں بہتری اور ٹیکس نظام پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف بی آر ٹیکس بیس میں مزید توسیع، ڈیجیٹلائزیشن اور موثر نفاذ کے ذریعے قومی محصولات میں اضافے کی پالیسی پر عمل جاری رکھے گا تاکہ ملک کی مالیاتی پوزیشن مزید مستحکم ہو سکے ۔